مشکل و پریشان کن حالات کا سامناکرنے کیلئے عوام کی جدوجہد قابل ستائش

   

دیہاتی عوام کا رضاکارانہ لاک ڈاؤن لائق تحسین، آئی جی اسٹیفن رویندر کا خطاب

محبوب نگر۔ مشکل اور پریشان کن حالات کا سامنا کرنے کیلئے عوام کی جدوجہد قابل ستائش ہے۔ کورونا سے محفوظ رہنے کیلئے ضلع محبوب نگر کے کئی ایک دیہاتوں کے عوام کا رضاکارانہ لاک ڈاؤن، آئسولیشن مراکز کا قیام، ایک دوسرے سے ہمدردی اور تعاون کے جذبات کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ اپنے ان خیالات کا اظہار حیدرآباد ریجن کے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسٹیفن رویندرا نے کیا۔ وہ آج ضلع محبوب نگر کے ویمولا ، پوناکل دیہاتوں کے دورہ پر تھے۔ انہوں نے کوویڈ کی روک تھام کیلئے آگے بڑھ کر خدمات انجام دینے والے طبی عملہ اور صفائی مزدوروں کے کام کی خوب ستائش کی اور ان کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ وباء جلد ختم ہوجائے گی اور صحت و امن کے دن پھر سے واپس آئیں گے۔ اس موقع پر ضلع ایس پی آر وینکٹیشورلو و دیگر عہدیدار موجود تھے۔ آئی جی پی نے آج دوپہر مستقر محبوب نگر پر پولیس پکیٹس، ٹریفک پولیس اور لاک ڈاؤن کے انتظام پر سڑکوں پر متعین پولیس عملہ سے بات کی اور ہدایت دی کہ مستعدی کے ساتھ اپنے مفوضہ فرائص انجام دیں۔ انہوں نے پولیس عملہ میں میوہ جات بھی تقسیم کئے۔ اس دوران کلاک ٹاور پر ریاستی وزیر آبکاری سرینواس گوڑ جو تعمیراتی کاموں کا جائزہ لے رہے تھے آئی جی پی سے ملاقات کی۔ ریاستی وزیر نے ضلع پولیس کی کارکردگی کی سراہنا کی۔ وزیر نے بتایا کہ کوئی بھی پولیس ملازم بیمار ہو تو ریاستی حکومت اسے معیاری اور مفت علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے قیام کے بعد پولیس کو عصری ٹکنالوجی سے وابستہ کرنے کے ساتھ ساتھ ویلفیر کیلئے بھی بھاری فنڈز جاری کئے جارہے ہیں۔