مشکل گھڑی میں لبنان کے ساتھ کھڑے ہیں:خلیج تعاون کونسل

   

دوحہ : قطر میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی وزارتی کونسل کے 45 ویں غیرمعمولی اجلاس کی صدارت قطری وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم آل ثانی نے کی۔جی سی سی کے میڈیا سینٹر کے مطابق اجلاس کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ’جی سی سی ممالک اس مشکل گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔بیان میں لبنان میں ہونے والے المیے اور عوام کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے کیلیے عالمی اورعلاقائی کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا گیا۔اجلاس میں علاقائی تنازعات میں پڑنے سے گریز کرنے اور تنازعہ کے دائرے کو پھیلنے سے روکنے کا بھی مطابہ کیا گیا۔ جی سی سی نے سلامتی کونسل کی قرار داد 1701 اور طائف معاہدے پر عمل درآمد کرنے کی ضرورت پر زوردیا تاکہ لبنان میں مستقل بنیادوں پر قیام امن کو ممکن بنایا جاسکے۔وزارتی کونسل نے 27 ستمبر 2024 کو نیویارک میں فلسطین اور جمہوریہ لبنان کے خلاف اسرائیلی حملوں میں اضافے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے عرب ریاستوں اور اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس کی جانب سے جاری بیان کا بھی خیر مقدم کیا۔مسئلہ فلسطین کے حوالے سے وزارتی کونسل نے یقین دہانی کی کہ جی سی سی اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے غزہ پٹی اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے فوری جنگ بندی اور غزہ پٹی کا محاصرہ ختم کرنے کرنے، قیدیوں کی رہائی اور انسانی بنیادوں پر متاثرین کے لیے امداد کی فوری اور جامع ترسیل کو ممکن بنانے پر زوردیا۔