مشکوک ڈرون پر بی ایس ایف جوانوں کی فائرنگ

   

سری گنگا نگر ۔ راجستھان کے سری گنگا نگر ضلع میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے اہلکاروں نے پاکستان کی سرحد کے ساتھ بین الاقوامی زون میں سرحد پار سے ایک مشکوک ڈرون نظر آنے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی۔ مشتبہ ڈرون فائرنگ کے باعث غائب ہوگیا۔ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ڈرون کو گولیوں سے نقصان پہنچا یا وہ بحفاظت واپس چلا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سری گنگا نگر ضلع کے انوپ گڑھ سیکٹر میں بی ایس ایف کی پنجور پوسٹ پر تعینات جوانوں نے آج صبح 1:37 بجے سرحد پار سے ایک مشتبہ چیز کو آتے دیکھا۔ یہ چیز بین الاقوامی سرحد پر بیریکیڈ کے قریب آئی تو معلوم ہوا کہ یہ مشتبہ ڈرون تھا۔ اس پر فوجیوں نے گولی چلا دی۔ چند لمحوں میں یہ مشکوک ڈرون نظروں سے اوجھل ہوگیا۔ ڈرون واپس پاکستان علاقے کی طرف چلا گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بارڈر سیکورٹی فورس کے اعلیٰ اہلکار سری گنگا نگر اور بیکانیر سے جائے وقوعہ کے لیے روانہ ہوئے ۔