نئی دہلی۔ ہندوستان کے سابق مشہور باکسر اور ایشین گیمس کے گولڈ میڈلسٹ ڈنکو سنگھ کا آج یہاں 42 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ وہ طویل عرصہ سے بیمار تھے ۔ہندوستان کے بہترین مکہ بازوں میں سے ایک ڈنکو 2017 سے کینسر کی بیماری سے لڑرہے تھے ۔پسماندگان میں بیوی بابئی اینگانگوم اور ایک بیٹا اور بیٹی ہیں۔ گزشتہ سال اپریل میں طبیعت خراب ہونے کے بعد ڈنکو کو امپھال سے دہلی ایرلفٹ کیاگیا تھا۔ اس کے بعد 2020 مئی میں وہ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہوگئے تھے ۔ڈنکو کو سال 1998 میں ارجن ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا تھا۔ انہیں سال 2013 میں پدم شری ایوارڈ بھی ملا تھا۔ ڈنکا کا جنم یکم جنوری 1979 کو امپھال کے سیکتاگاوں میں ایک غریب خاندان میں ہوا تھا۔ اس کے بعد ایس اے آئی نے ان کی صلاحیت کو پہنچانا اور ٹریننگ دی۔ انہیں میجراوپی بھاٹیا کی قیادت میں ٹریننگ دی گئی۔ ڈنکو نے 1989 میں امبالا میں سب جونیئر نیشنل باکسنگ چیمپئن جیتی تھی۔ ڈنکو نے 1997 میں بین الاقوامی باکسنگ میں کرئیر کا آغاز کیا ۔ اس سال بنکاک میں ہوئے کنگس کپ کو بھی حاصل کیا تھا۔ ڈنکو نے اپنے ایشین گولڈ میڈل کے سفر میں دو اولمپک میڈلسٹ کو بھی شکست دی تھی