مشہور تلگو فلم ڈائرکٹر کو ڈی راما کرشنا کا انتقال

   

ٹالی ووڈ کے کامیاب و سینئر فلم ڈائرکٹر کوڈی راما کرشنا کا یہاں جمعہ کو گچی باولی کے ایک خانگی ہاسپٹل میں انتقال ہوگیا۔ وہ کچھ دنوں سے علیل تھے ان کا تعلق آندھراپردیش کے پلا کولو مقام سے تھا۔ انہو ںنے بطور اسسٹنٹ ڈائرکٹر داسری نارائن راؤ کے ساتھ اپنے کیریئر کی شروعات کی تھی اور آزادانہ طور پر 1982 میں ائی فلم ’’انٹلو رامیا ویدھی لو کرشنیا‘‘ جس میں چرنجیوی نے مرکزی کردار نبھایا تھا کو ڈائرکٹ کیا تھا۔ اس فلم نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ’’ترنگنی‘‘، ’’موکوپڑا کا اتھیتی‘‘، ’’تلمبرالو‘‘ ، ’’بھارت بند‘‘، ’’انکشم‘‘، ’’انجی‘‘، ’’پولیس برادرس‘‘، ’’دیوی‘‘ جیسی کئی ہٹ فلمیں تلگو شائقین کو دیں۔ انہوں نے اپنے 40 سالہ کیریئر میں 100 سے زیادہ فلمیں بنائیں۔ کو ڈی راما کرشنا نے تلگو فلم انڈسٹری کو کئی قابل اداکاروں سے متعارف کروایا تھا۔ انکوشم کے ذریعہ جس میں راج شیکھر ریڈی نے لیڈ رول کیا تھا رام ریڈی جیسے اداکار کو نگیٹیو رول میں پیش کیا تھا جو کافی ہٹ ثابت ہوئی تھی۔ بعد ازاں اسے ہندی میں چرنجیوی اور رام ریڈی کے ساتھ ’’پرتی بندھ‘‘ جیسی ہٹ فلم بھی بنائی گئی۔