مشہور کامیڈی اداکار ستیش شاہ کا دیہانت

   

ممبئی۔25؍اکتوبر( ایجنسیز )فلم و ٹی وی کے مشہور کامیڈی اداکار ستیش شاہ کا 74 سال کی عمر میں دیہانت ہو گیا۔ انہوں نے ممبئی کے ایک ہاسپٹل میں اپنی آخری سانس لی۔وہ طویل عرصہ سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ اچانک انہیں درد محسوس ہوا اور طبیعت بگڑ گئی تھی۔ انہیں دادر میں شیو اجی پارک میں واقع ہندو جا ہاسپٹل لیجایا گیا جہاں آج ان کا دیہانت ہو گیا۔ ان کی میت کو باندرہ کے کلمویر علاقہ میں واقع ان کے گھر لایا جائے گا اور اتوار 26 اکتوبر کو ان کی آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ ستیش شاہ ہندوستانی فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے ایک معروف اداکار تھے جنہوں نے اپنی شاندار اداکاری اور بے مثال مزاحیہ انداز سے ناظرین کے دلوں میں ایک خاص جگہ بنائی۔ انہوں نے نہ صرف ٹی وی پر بلکہ فلموں میں بھی اپنی کامیڈی اور فنکاری سے لوگوں کو متاثر کیا۔ستیش شاہ کی پیدائش 25 جون 1951 کو ممبئی میں ہوئی۔ انہوں نے اپنی تعلیم سینٹ زیویئرس کالج، ممبئی سے مکمل کی اور پھر فلم اینڈ ٹیلی ویژن انسٹی ٹیوٹ آف انڈیاسے اداکاری کی تربیت حاصل کی۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1970 کی دہائی میں فلموں سے کیا لیکن انہیں اصل شہرت ٹی وی شو ’یہ جو ہے زندگی‘ سے ملی جس میں انہوں نے55قسطوں میں ہر قسط میں ایک نیا کردار نبھایا تھا۔بالی ووڈ میں ستیش شاہ نے کئی یادگار فلموں کیں جن میں ’میں نے پیار کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘، ’کل ہو نہ ہو‘، ’اوم شانتی اوم‘ اور ’ستیمیو جیتے‘ شامل ہیں۔ستیش شاہ کا دنیا سے جانا بالی ووڈکیلئے بڑا نقصان ہے۔وزیر اعظم مودی نے ان کے دیہانت پر گہرا دکھ کا اظہار کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی اور کہا کہ انہیں ہندوستانی تفریحی دنیا کے ایک حقیقی لیجنڈ کے طور پر یاد کیا جائے گا۔
مسٹر مودی نے ہفتہ کے روز ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا،”مسٹر ستیش شاہ جی کے انتقال سے بہت دکھ ہوا۔ انہیں ہندوستانی تفریحی دنیا کے ایک حقیقی لیجنڈ کے طور پر یاد کیا جائے گا۔ ان کی مزاح کی قدرتی صلاحیت اور یادگار پرفارمنس نے بے شمار لوگوں کی زندگی میں خوشی اور ہنسی بھردی۔ ان کے کنبے اور چاہنے والوں کے تئیں تعزیت! اوُم شانتی!” مسٹر ستیش شاہ کا آج ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہو گیا۔ وہ 74 سال کے تھے ۔ وہ گردے سے متعلق بیماری میں مبتلا تھے اور حال ہی میں ان کا ”کڈنی ٹرانسپلانٹ” بھی ہوا تھا۔