مشہور یوٹیوبر انویش کے خلاف مقدمہ، آئی اے ایس و آئیپی ایس آفیسرس پر جھوٹے الزامات لگانے کا شاخسانہ

   

حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے مشہور یوٹیوبر انویش کے خلاف سرکاری عہدیداروں سمیت آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کے خلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے پر سائبرآباد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔ ایک ویڈیو میں انویش نے کئی آئی پی ایس اور آئی اے ایس افسران پر الزام عائد کیا کہ مبینہ طور پر آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں نے میٹرو ریل میں اشتہارات کے ذریعہ بیٹنگ ایپس اور ان کی تشہیر کی اجازت دینے کیلئے چند لوگوں سے 300 کروڑ روپئے لئے ہیں۔ شکایت کی بنیاد پر سائبرکرائم پولیس نے انویش کے خلاف اپنے یوٹیوب چینل ’’ناانویشنا‘‘ پر ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر مقدمہ درج کرلیا۔ یوٹیوبر نے اس ویڈیو کے ذریعہ الزام لگایا کہ ڈی جی پی تلنگانہ اور پانچ آئی اے ایس افسران نے ایک بیٹنگ ایپ کے ذریعہ فنڈز کے غلط استعمال میں ملوث ہیں اور مالی بدانتظامی کا بھی دعویٰ کیا۔ سائبر کرائم پولیس نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف غیرتصدیق شدہ معلومات پھیلانے پر قانونی کارروائی شروع کردی۔ مشہور یوٹیوبر تلگو ریاستوں میں بیٹنگ ریس کے بارے میں ویڈیو بنارہا تھا۔ اس سے قبل بھی اس نے 1000 کروڑ روپئے کی لین دین ہونے کا الزام لگایا تھا جس میں ٹالی ووڈ ادکاروں اور سوشل میڈیا پر اثرانداز ہونے والے افراد کا بھی نام شامل کیا تھا۔ (ش)