حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) سابق صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ اور سابق رکن قانون ساز کونسل الحاج محمد سلیم نے حلقہ اسمبلی مشیرآباد کے غریب خاندانوں میں بلانکٹس کی تقسیم عمل میں لائی۔ رکن اسمبلی مشیرآباد ایم گوپال کے علاوہ انجمن تاجران چرم کے صدر اختر علی، جنرل سکریٹری دلبر حسین اور مقامی بی آر ایس قائد شریف الدین اِس موقع پر موجود تھے۔ رکن اسمبلی ایم گوپال نے غریبوں کی مدد سے متعلق الحاج محمد سلیم کے جذبہ کی ستائش کی اور کہاکہ ہر سال مختلف انداز میں غریبوں کی مدد کی جاتی ہے۔ سردی سے بچاؤ کے لئے محمد سلیم نے 2000 بلانکٹس کی تقسیم کے ذریعہ انسانی ہمدردی کے جذبہ کا مظاہرہ کیا ہے۔ محمد سلیم نے اِس موقع پر 100 غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کے انتظامات کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ 10 جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کے اہتمام کے ذریعہ جملہ 100 غریب لڑکیوں کی شادی کے انتظامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج میں غریب خاندانوں کی لڑکیوں کی شادی مالی مشکلات کے سبب دشوار کن بن چکی ہے۔ لڑکے اور اُس کے گھر والوں کی جانب سے بیجا مطالبات نے بھی غریب خاندانوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ اُنھوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ بیجا مطالبات اور جہیز سے گریز کریں۔ محمد سلیم نے رمضان المبارک سے قبل تقریباً 5 ہزار غریب خاندانوں میں اناج کے کٹس تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔1