حیدرآباد : /21 ڈسمبر (سیاست نیوز) خانگی ڈگری کالج کی اسسٹنٹ پروفیسر کے مکان میں سرقہ کرنے والے سارق کو مشیرآباد پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اور اس کے قبضہ سے مسروقہ مال برآمد کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 46 سالہ ایم دیبورا ساکن انوشا اپارٹمنٹ مشیرآباد اپنی ماں ایم پدما اور بھائی ایم سالومن کے ہمراہ لکشمی انوشا اپارٹمنٹ میں مقیم ہیں ۔ /28 نومبر کو درخواست گزار کالج گئی ہوئی تھی جبکہ ان کا بھائی بھی ملازمت کیلئے ابراہیم پٹنم گیا ہوا تھا اور ماں پڑوس کے ایک درزی کے پاس گئی ہوئی تھی ۔ اس دوران نامعلوم افراد نے قفل شکنی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوکر طلائی زیورات اور نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ پولیس مشیرآباد نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا تھا ۔ تحقیقات کے دوران پولیس نے 51 سالہ رائے پاٹی وینکٹ راؤ کو حراست میں لے کر اس کی تفتیش کی جس میں اس نے دیبورا کے مکان میں سرقہ کرنے کا اعتراف کیا ۔ پولیس نے ملزم کے قبضہ سے قیمتی طلائی زیورات اور 93 ہزار نقد رقم برآمد کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ سابق میں بھی وینکٹ راؤ علاقہ ایس آر نگر ، کوکٹ پلی ، کشائی گوڑہ ، چیتنیہ پوری اور صنعت نگر علاقوں میں سرقوں میں ملوث ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف اب تک 32 سرقہ کے مقدمات درج کئے گئے ہیں ۔ ب