بورڈ کا آج ہنگامی اجلاس، اقامتی اسکولوں کے لیے وقف اراضی کا مسئلہ زیر غور
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی مشیرآباد میں تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے غریبوں میں اناج تقسیم کیا گیا۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے مقامی رکن اسمبلی ایم گوپال کے ہمراہ رسالہ بازار، بھولک پور اور مشیرآباد میں 200 سے زائد غریب خاندانوں میں راشن کے پیاکٹس تقسیم کئے۔ وقف بورڈ نے اوقافی جائیدادوں کی آمدنی میں سے 20 لاکھ روپئے اس کام کے لیے مختص کئے ہیں۔ شہر کے تمام اسمبلی حلقوں میں غریب اقلیتی خاندانوں میں اناج کی تقسیم کا فیصلہ کیا گیا تاکہ لاک ڈائون کے سبب وہ مسائل کا شکار نہ ہوں۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وقف بورڈ اس کام میں مزید توسیع دینے کا منصوبہ رکھتا ہے اور اس سلسلہ میں جمعرات کو بورڈ کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو اور وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے غریبوں کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ منشأ وقف کے مطابق وقف بورڈ غریبوں کی مدد کے لیے آگے آیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں راشن کے پیاکٹس روانہ کئے گئے جن کی تفصیل ارکان اسمبلی کے ذریعہ عمل میں آئی ہے۔ وقف بورڈ کے بعض ارکان کو بھی تقسیم کے لیے پیاکٹس حوالے کئے۔ اسی دوران تلنگانہ وقف بورڈ کا اجلاس جمعرات کو طلب کیا گیا ہے جس میں اقامتی اسکولوں کی تعمیر کے لیے وقف اراضی کے الاٹمنٹ پر فیصلہ ہوگا۔ گزشتہ تین اجلاسوں سے بورڈ کی جانب سے اس کی منظوری نہیں دی گئی۔ اس سلسلہ میں حکومت کی ناراضگی کو دیکھتے ہوئے توقع ہے کہ کل بورڈ اوقافی اراضی الاٹ کرنے کے لیے راضی ہوجائے گا۔ اقامتی اسکول سوسائٹی نے اراضی کی ضرورت کے بارے میں بورڈ کو تفصیلی رپورٹ روانہ کی ہے۔