نئی دہلی، یکم اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر خریداری گھپلے کے ملزم کرسچین مشیل کی عبوری ضمانت کی درخواست کی سماعت سے بدھ کو انکار کر دیا اور اسے اپنی فریاد لے کر دہلی ہائی کورٹ جانے کا مشورہ دیا۔جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس ایم آر شاہ کی خصوصی بینچ نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہونے والی سماعت کے دوران مشیل کے وکلاء شری رام پاراکٹ اور ایلجیو کے جوسف کی دلیلیں سننے کے بعد معاملہ کا نمٹارہ کردیا۔عدالت نے درخواست کی خصوصیت اور کمی پر کوئی تبصرہ کئے بغیر درخواست گزار کو دہلی ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے کا مشورہ دیا۔