مشی گن کے گرجا گھر میں فائرنگ وآتشزدگی ، ایک ہلاک

   

واشنگٹن ۔ 28 ستمبر (ایجنسیز) امریکی ریاست مشی گن کے گرجا گھر میں فائرنگ سے 1 شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔امریکی میڈیا کا کہنا ہیکہ ڈیٹرائٹ پولیس کے مطابق فائرنگ سے زخمی کچھ افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا کہنا ہیکہ فائرنگ کے بعد گرجا گھر میں زبردست آگ لگ گئی تاہم فائر بریگیڈ عملہ نے آگ پر قابو پا لیا۔ ڈیٹرائٹ پولیس کا کہنا ہیکہ گرجا گھر میں آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق 40 سالہ حملہ آور کاتعلق مشی گن کے شہر برٹن سے بتایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کو مار دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد عوام کیلئے فی الحال کوئی خطرہ نہیں۔اس واقعہ کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس کا ماحول دیکھا گیا۔ پولیس نے فوری طور پر صورتحال کو قابو میں کرلیا۔