کراچی۔ 9اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ مصباح الحق نے حال ہی میں ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سنبھالی ہیں لہٰذا صرف دو ٹی ٹونٹی میچوں میں ناکامی کی بنیاد پر انہیں پر تنقید درست نہیں بلکہ انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کیلئے کچھ وقت دیا جائے تو وہ لازمی طور پر اپنے تجربے اور مہارت کی بدولت بہتر نتائج بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی دوسرے درجہ کی ٹیم کیخلاف ناکامی پر انہیں بھی دکھ ہے لیکن اس بات کو پیش نظر رکھا جائے کہ وہ کچھ عرصے قبل کوچنگ کا حصہ بنے ہیں اور چونکہ ان کا کام کرنے کا انداز الگ ہے لہٰذا انہیں ماحول سے ہم آہنگ ہونے اور مثبت نتائج کی فراہمی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔