مصروف اوقات میں ایم ایم ٹی ایس کی مسافت میں اضافہ کیلئے چیف منسٹر کی تجویز

   

منی آر ٹی سی بسوں کو ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں سے مربوط کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ۔27 ۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایم ایم ٹی ایس کی خدمات کو توسیع دینے کے اقدامات کریں تاکہ مصروف دفتری اوقات کے دوران ایم ایم ٹی ایس ٹرین زائد مسافت طئے کرتے ہوئے مسافرین کی بہتر انداز میں خدمت کرے۔ چیف منسٹر نے ایم ایم ٹی ایس خدمات پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں کہا گیا کہ ایم ایم ٹی ایس خدمات کو وقت کی پابندی کے ساتھ چلایا جائے اور دفتری مصروف اوقات میں مسافت میں توسیع کی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کور اربن ریجن علاقہ میں ایم ایم ٹی ایس خدمات کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ حیدرآباد میں ٹرانسپورٹ خدمات کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ چیف منسٹر نے حالیہ عرصہ میں مسافرین کی تعداد میں کمی کی وجوہات کے بارے میں دریافت کیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں تک آر ٹی سی بسوں کی عدم رسائی کے نتیجہ میں مسافرین کی تعداد میں کمی آئی ہے۔ ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں کو منی آر ٹی سی بسوں سے مربوط کیا جائے تاکہ عوام کو ایم ایم ٹی ایس اسٹیشن اور پھر اپنے مقام تک پہنچنے میں سہولت ہو۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تمام ایم ایم ٹی ایس اسٹیشنوں پر مسافرین کیلئے بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بہتر سہولتوں کی فراہمی کے ذریعہ ہی عوام کو ایم ایم ٹی ایس میں سفر کی کامیاب ترغیب دی جاسکتی ہے۔ چیف منسٹر نے ایم ایم ٹی ایس حکام کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے طور پر اقدامات کرتے ہوئے آمدنی میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔ چیف منسٹر نے ایم ایم ٹی ایس کی مسافت میں توسیع اور دیگر خدمات کو بہتر بنانے کے مسئلہ پر سروے کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔1