مصروف سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے ٹریفک پولیس خود ٹریفک میں رکاوٹ کی ذمہ دار

   

ساری توجہ صرف چالانات پر مرکوز ۔ ٹریفک کے بہاؤ سے عملہ کا کوئی تعلق نہیں۔ پولیس کے رویہ سے حکومت کی نیک نامی متاثر ہونے کا اندیشہ

حیدرآباد ۔ 26 اپریل (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے سرکاری مشنری کے اقدامات اور پالیسیاں عوام کیلئے ہراسانی اور حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔ حیڈرا کی کارروائیوں کے بعد ٹریفک پولیس کے اقدامات شہریوں میں تشویش اور ہراسانی کا سبب بنے ہوئے ہیں۔ ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس اپنی ساری توجہ اور سرگرمیوں کو صرف چالانات تک محدود کردیا ہے ۔ شہریوں کی جانب سے ایسے تاثرات پیش کئے جارہے ہیں۔ ٹریفک پولیس ‘ مسائل کی یکسوئی نہیں بلکہ صرف چالانات کیلئے تعینات کی گئی ہے ۔ ان دنوں ٹریفک چالانات سے ٹریفک میں بے انتہا خلل پیدا ہورہا ہے۔ ہونا تو یہ چاہئے کہ پولیس ٹریفک کی رکاوٹوں کو دور کرے بلکہ خود چالانات کی فکر میں ٹریفک پولیس ہی جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک جام کا سبب بن رہی ہے۔ ایک طرف موسم گرما عروج پر ہے اور گرمی کی شدت سے شہریوں کا برا حال ہے تو دوسری طرف گھنٹوں ٹریفک جام کے مسائل شہریوں کی تکلیف میں اضافہ کا سبب بن رہے ہیں ۔ تقریباً شہر کے ہر چوراہا اور جنکشن پر ٹریفک ملازم موجود رہتا ہے جو ٹریفک جام ختم کرنے کی بجائے چالانات میں مصروف ہے۔ اپنے ہاتھ میں سیل فون سے تصویرکشی اور ویڈیوگرافی میں مصروف ہے۔ انہیں کوئی پرواہ نہیں کہ ٹریفک جام ہورہا ہے۔ ٹریفک جام کی وجوہات کو دور کرنے کے بجائے چالانات کو اہمیت دی جارہی ہے۔ پولیس کے ان اقدامات کے سبب شہری شدید تکلیف و ہراسانی کا شکار ہیں۔ ٹریفک پولیس کے رویہ کا راست اثر حکومت کی نیک نامی کو متاثر کرنے کا سبب بن رہا ہے اور درپردہ ٹریفک پولیس کے اقدامات حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہے ہیں۔ شہریوں کی اکثریت ٹریفک نظام سے بدظن ہوگئی ہے۔ شہر کی سڑکوں پر آسان سفر مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے حالانکہ سٹی پولیس سے فٹ پاتھ بحال کرنے مضبوط اقدامات کئے گئے جس کے بہتر نتائج حاصل کرنے میں ٹریفک پولیس یکسر ناکام ہورہی۔ برسر خدمت عملہ کو چالانات کی فکر رہتی ہے۔ ٹریفک اور اس کے سبب مسائل اور مشکلات سے انہیں کوئی فکر نہیں رہتی بلکہ زیادہ سے زیادہ چالانات پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔ اگر ٹریفک پولیس کی جانب سے حقیقی دلچسپی دکھائی جاتی ہے تو یقینا ٹریفک جام پر بڑی حد تک قابو ممکن ہے لیکن ایسے اقدامات کو اہمیت نہیں دی جاتی جس کے سبب مشکلات میں اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت کی بدنامی کا سبب بن رہے اس طرح کے اقدامات اور کاررائیوں پر فوری روک لگانے کی ضرورت ہے اور عملہ کو اس بات کیلئے پابند کیا جانا چاہئے کہ وہ چالانات سے زیادہ مسائل پر توجہ مرکوز کریں۔ شہر میں ای ۔ چالانات کا نظام ہے باوجود اس کے گاڑیوں کو روکنے اور چالانات کیلئے رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے خود ٹریفک پولیس ٹریفک بہاؤ میں خلل پیدا کررہی ہے۔ کمشنر پولیس اور ٹریفک حکام کو چاہئے کہ وہ اس سنگین مسئلہ پر توجہ مرکوز کریں اور شہریوں کو راحت فراہم کرنے کے اقدامات کو فوری طور پر انجام دیں تاکہ حکومت کی نیک نامی بھی متاثر نہ ہو اور سفر آسان رہے۔کئی مقامات پر ٹریفک عملہ چھپ چھپاکر بھی تصویر کشی میں مصروف دکھائی دے رہا ہے ۔ ع