مصری سپاہی خاتون کے قتل کے واقعے کی تمثیل کرتے ہوئے چل بسا

   

Ferty9 Clinic

قاہرہ ۔3 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) شمالی مصر میں الدقھلیہ کا علاقہ خاندانی جرائم میں مشہور ہو گیا ہے جس سے پورا معاشرہ متاثر ہورہا ہے۔اخبار 24 کے مطابق الدقھلیہ کے اسی علاقے میں ایک مصری خاوند اپنی بیوی کو سوتے ہوئے ہلاک کر کے فرار ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔اس موقع پر ایک سپاہی کو واردات کے ملزم کے ساتھ خاتون کے قتل کے واقعہ کی تمثیل کیلئے کہا گیا۔ سپاہی جیسے ہی مقتول خاتون کی پوزیشن میں سونے کیلئے لیٹا اسی دوران حرکت قلب بند ہو جانے پر اس کی موت واقع ہو گئی۔عدالت میں موجود سیکیورٹی اہلکار اور پبلک پراسیکیوشن کے افسران انتظار کرتے رہے کہ کب سپاہی خاتون کے سونے کی اداکاری کا عمل ختم کر کے کھڑا ہوتا ہے مگر وہ اس انداز سے لیٹا رہا جیسے وہ لمبی تان کر سو رہا ہے۔ عدالت میں موجود افراد کو گمان ہوا کہ غالباً سپاہی مذاق میں ایسا کر رہا ہے۔ تاہم جب اسے جھنجھوڑ کر اٹھانے کی کوشش کی گئی تو پتہ چلا کہ وہ تو زندگی کی آخری سانسیں لے چکا ہے۔ڈاکٹروں نے بتایا کہ دوران خون اور تنفس کے نظام میں اچانک غیر معمولی گراوٹ آگئی تھی جس سے حرکت قلب بند ہوگئی اور وہ چل بسا۔