مصری سیاحتی کشتی بحیرہ احمر میں غرقاب، 17 سیاح لاپتہ

   

قاہرہ: مصری حکام کا کہنا ہے پیر کو بحیرہ احمر کے ساحل پر ایک سیاحتی کشتی الٹنے سے برطانوی شہریوں اور دیگر غیرملکیوں سمیت 17افراد لاپتہ ہوگئے جبکہ دیگر کو بچا لیا گیا۔ سیاحتی کشتی ’سی سٹوری‘ میں31 سیاح اور عملے کے 14 ارکان سوار تھے۔ کشتی کے ڈوبنے کا حادثہ مصر کے شہر مرسی علم کے شمالی علاقے شعب سطایح میں پیش آیا۔ ریسکو ٹیموں نے بعض افراد کو بحفاظت نکال لیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔مصری میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریسکیو ورکرز نے کئی افراد کو بچا لیا جبکہ 17 اب بھی لاپتہ ہیں۔دوسری جانب بحیرہ احمر کوسٹ گارڈ کے ریجنل انچارج کرنل عمرو حنفی کا کہنا ہے حادثہ مرسی شہر کے شمالی علاقے میں کھلے سمندر میں پیش آیا حادثے کے اطلاع ملتے ہی مختلف ریسکیو ٹیمیں لاپتہ سیاحوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔ بحیرہ احمر کمشنر کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ صبح کے 5 بجکر30 منٹ پر کنٹرول ٹاور کو ’مے ڈے‘ کا سگنل موصول ہوا جس پر ٹاور نے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو ٹیموں کو مطلع کردیا۔