مصری صدر کی نیوم میں ولیعہد سے اہم اُمور پر بات چیت

   

ریاض /قاہرہ : 22 اگست ( ایجنسیز ) مصری صدر عبدالفتاح السیسی جمعرات کو سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے مصر روانہ ہوگئے۔ انہیں نیوم ایئرپورٹ پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے رخصت کیا۔سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے جمعرات کو مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی نے قصر نیوم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی تازہ ترین صورتحال، بالخصوص فلسطین کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر فریقین نے خطے میں جاری کشیدگی، بالخصوص فلسطینی عوام کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسئلے کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔اس موقع پر سعودی وفد میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ خالد بن علی الحمیدان بھی موجود تھے۔مصری وفد میں وزیر خارجہ و امور مہاجرین ڈاکٹر بدر عبدالعاطی اور جنرل انٹیلی جنس کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل حسن رشاد شامل تھے۔اس سے قبل مصری صدر جمعرات کو نجی دورے پر نیوم ایئرپورٹ پہنچے تھے۔نیوم ایئرپورٹ پر سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے مصری صدر کا استقبال کیا تھا۔