اسرائیل نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ قاہرہ اور تل ابیب کے بیچ 1979ء میں طے پانے والے کیمپ ڈیوڈ معاہدہ میں ترمیم پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ اس ترمیم کے نتیجے میں رفح کے علاقے (یہ زون سی میں شمار ہوتا ہے) میں سرحدی فورسز کی موجودگی ممکن ہو سکے گی۔ اس کا مقصد وہاں مصری فوج کی موجودگی کو تقویت پہنچانا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ اتوار کے روز اسرائیلی اور مصری افواج کی مشترکہ عسکری کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دونوں افواج کے بیچ دو طرفہ معاملات زیر بحث آئے۔ علاوہ ازیں مذکورہ سمجھوتہ (امن سمجھوتہ) میں ترمیم پر بھی دستخط کیے گئے۔ادرعی نے مزید بتایا کہ سمجھوتے میں ترمیم کی منظوری سیاسی سطح پر دی گئی۔قاہرہ کی جانب سے اسرائیلی اعلان کے بعد کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔ واضح رہے کہ مصری سیکورٹی ذمے داران اور سیاست دانوں کی جانب سے آخری چند برسوں سے اس بات پر مسلسل زور دیا جا رہا تھا کہ امن معاہدے کی بعض شقوں میں ترمیم کی ضرورت ہے۔ اس کا مقصد سرحد کے متوازی علاقوں میں مزید عسکری تعیناتی کو ممکن بنانا تھا۔ ان علاقوں میں شدت پسند جماعتوں کا پھیلاؤ اور دہشت گردی کی کارروائیاں دیکھی جا رہی تھیں۔
