قاہرہ ؍ غزہ : لانگ لائیو مصر فنڈ نے پیرکی صبح پانچویں امدادی قافلے کو غزہ پٹی کیلئے روانہ کرنے کا اعلان کیا۔ ’’ہم انسانیت کیلئے ایک ہیں‘‘ کے عنوان کے تحت مصری اور فلسطینی عوام کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کیلئے یہ امدادی آپریشن سول سوسائٹی اور نجی امدادی اداروں کے تعاون سے کیا گیا ہے۔یہ امدادی قافلہ صدر عبدالفتاح السیسی کی جانب سے غزہ کی پٹی کے لوگوں کیلئے مدد کا ہاتھ بڑھانے کی ہدایات پر عمل درآمد کا حصہ ہے۔دوسری جانب لانگ لائیو مصر فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تامر عبدالفتاح نے کہا کہ قافلے میں 115 ٹرک شامل تھے جن میں 1,840 ٹن سے زیادہ سامان موجود ہے۔عبدالفتاح نے زور دیکر کہا کہ امدادی سامان میں کھانے پینے کے سامان کے علاوہ ہر عمر کے مردوں اور عورتوں کے لیے موزوں سامان، بستر، پہننے اور اوڑھنے کے کپڑے، طبی سامان، ادویات اور دیگر بنیادی ضرورت کا سامان شامل ہے۔