مصر میں بس حادثہ،16افراد ہلاک

   

قاہرہ : 2ستمبر ( یو این آئی ) مصر کے علاقے جنوبی سینائی میں بس حادثہ پیش آیا جس میں 16 افراد ہلاک جبکہ 29 زخمی ہوگئے۔ جنوبی سینائی میں ہونے والے اس حادثے کے بعد زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔جنوبی سینائی کا جزیرہ نما علاقہ سیاحت کے حوالے سے ایک مقبول مقام ہے، جہاں بحیرہ احمر میں غوطہ خوری اور اسنورکلنگ سمیت مختلف تفریحی سرگرمیاں سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتی ہیں۔مصر کی ہیلتھ کیئر اتھارٹی کے سربراہ ڈاکٹر احمد السبکی نے بتایا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طور پر المازینہ فیملی میڈیسن سینٹر منتقل کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے متعدد افراد کو بعد ازاں شرم الشیخ انٹرنیشنل اسپتال، سینٹ کیتھرین اسپتال اور الفیروز میڈیکل کمپلیکس منتقل کردیا گیا۔