قاہرہ: مصر میں ایک ٹریفک حادثہ میں پانچ افراد پر مشتمل پورا خاندان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ یہ اندوہناک واقعہ پیر کے روز دار الحکومت قاہرہ کے مشرق میں واقع شہر بدر کے نواح میں پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق 42 سالہ مصری شہری ابراہیم الغوابی گاڑی میں اپنی بیوی دینا مغازی اور تین بچوں آسر ، احمد اور ملک کے ساتھ سفر کر رہا تھا۔ اس دوران ایک ٹرک کے ساتھ زور دار تصادم ہو گیا۔ تصادم اتنا زور دار تھا کہ ابراہیم کی آدھی گاڑی تباہ ہو گئی اور گاڑی میں سوار پانچوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ابراہیم ملازمت کے سلسلے میں اپنے خاندان کے ساتھ متحدہ عرب امارات میں مقیم تھا۔ وہ اور اہل خانہ موسم گرما کی چھٹیوں میں عزیز و اقارب سے ملنے کیلئے مصر آئے تھے۔سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس افسوس ناک حادثہ پر دکھ اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔دوسری جانب اماراتی کاروباری شخصیت خلف احمد الحبتور نے منگل کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ابراہیم الغوابی امارات میں الحبتور گروپ میں ملازم ہے۔ خلف الحبتور نے مزید بتایا کہ انہوں نے مرحوم اور اس کے اہل خانہ کی طرف سے صدقہ جاریہ کے طور پر افعال کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔