غزہ: فلسطینی تنظیم حماس کا وفد اپنی قیادت کے ساتھ مشاورت کے بعد غزہ پٹی میں ممکنہ جنگ بندی پر بات چیت جاری رکھنے کیلئے 9 مارچ کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ واپس آ سکتا ہے ۔وال اسٹریٹ جرنل نے جمعہ کو معاملے سے واقف مصری حکام کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔ حماس کا وفد اپنی قیادت کے ساتھ مشاورت کیلئے قاہرہ سے غزہ آیا تھا۔حماس کے سیاسی دفتر کے رکن حسام بدران نے جمعرات کو اسپوتنک کو بتایا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مذاکرات میں تعطل پیداہوگیا ہے ۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار، جو کچھ عرصہ پہلے تک مذاکرات میں شامل نہیں تھے ، نے اب مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل جنگ زدہ علاقے میں ممکنہ مستقل جنگ بندی پر بات چیت کا عہد کرے ۔ یہ درخواست مبینہ طور پر حماس کے دیگر عہدیداروں کے موقف سے متصادم ہے ، جنہوں نے چھ ہفتے کی ممکنہ جنگ بندی کی اجازت دی ہے ۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان اختلافات کے پیش نظر سنوار مزید منافع بخش معاہدے کیلئے پرامید ہیں۔