مصر میں دھوم مچانے والی خاتون ٹک ٹاک اسٹار لڑکا نکلا

   

قاہرہ ۔ 19 اگست (ایجنسیز) مصر میں سوشل میڈیا پر مقبول ایک خاتون ٹک ٹاک انفلوئنسر “یاسمین” کی حقیقت سامنے آنے پر سب چونک گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اس بات کا انکشاف اس وقت ہوا جب خاتون ٹک ٹاکر کی ڈانس ویڈیوز پر تھانے میں شکایتوں کے انبار لگ گئے تھے۔ پولیس نے ان شکایتوں پر تحقیقات کے لیے ٹک ٹاکر یاسمین کو پوچھ گچھ کے لیے تھانے بلایا اور تفتیش کی۔ جس کے دوران انکشاف ہوا کہ لڑکی کا روپ دھار کر یاسمین کے نام سے ٹک ٹاک چلانے والی خاتون دراصل ایک 18 سالہ لڑکا عبد الرحمان ہے۔ نوجوان طالبعلم نے تسلیم کیا کہ اس نے یہ اکاؤنٹ صرف فالوورز بڑھانے اور پیسے کمانے کے لیے بنایا تھا۔ عدالت نے ملزم کو ابتدائی طور پر چار روزہ ریمانڈ پر بھیجا تاہم بعد میں اسے 5 ہزار مصری پاؤنڈ (تقریباً 105 ڈالر) کے عوض ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ عبدالرحمان ایک گاؤں میں اپنی مطلقہ ماں کے ساتھ رہتا ہے۔ مقامی رہائشیوں کے مطابق وہ ایک عام اور خاموش طبع لڑکا تھا اور سیاحت اور ہوٹل مینجمنٹ کی انسٹیٹیوٹ میں پڑھ رہا تھا۔