قاہرہ: مصر کے جنوبی علاقے میں شارک روس سے آئے ہوئے سیاح کو نگل گئی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جنوبی مصر میں بحیرہ احمر میں 24 سالہ روسی سیاح تیراکی میں مصروف تھا کہ شارک نے اچانک اس پرحملہ کردیا۔ شارک نے پہلے سیاح کو ٹکر ماری اور پھر نگل گئی۔ حادثہ کے وقت دیگر سیاح بھی موجود تھے جنہوں نے روسی شخص کو بچانے کی کوشش کی تاہم ناکام رہے۔ مصری حکام کے مطابق شارک کے حملے میں 2 افراد زخمی ہوئے۔ نعش کا ایک حصہ سمندر سے نکال لیا گیا ہے جبکہ باقیات کی تلاش جاری ہے۔شارک حملہ کے بعد علاقہ کو 3 دن کیلئے بند کرکے ڈائیونگ، اسنارکلنگ اور سرفنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ ماہی گیری کی کشتیوں کو بھی علاقہ میں داخل ہونے سے روک دیا گیا ہے۔