قاہرہ: مصر میں گاڑیوں کے مابین ایک خوفناک تصادم کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق مصرری صوبے الوادی الجدید میں ایک ٹرک اور بس کے درمیان خوفناک تصادم ہوا۔ شمال مغربی صوبے میں پیش آنے والے واقعہ سے متعلق مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایک شاہراہ پر تیز رفتار بس آگے جاتے ہوئے ٹرک سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوگئے۔ حادثہ اتنا شدید اور خوفناک تھا کہ بس کا اگلا نصف حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور کچھ مسافروں کی لاشیں بس کی باڈی کو کاٹ کر نکالی گئیں۔ مقامی طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں ایمبولینسوں سمیت جائے حادثہ پر پہنچیں اور لاشوں و زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ بدقسمت بس 45 مسافروں کو لے کر دارالحکومت قاہرہ جارہی تھی کہ خوفناک حادثہ کا شکار ہوگئی۔