مَرد، خواتین اور بچوں کی حنوط شدہ نعشیںدستیاب،مصری ماہرین کی دریافت
الاقصور ۔/19 اکٹوبر،( سیاست ڈاٹ کام ) مصر نے ہفتہ کو انکشاف کیا کہ آثار قدیمہ کے دفینوں سے مالا مال فرعون شاہوں کی وادی سے معروف علاقہ الاقصور میں ہفتہ کو قدیم زمانہ کے 30 تابوتوں کا ایک نادر و نایاب دفینہ برآمد ہوا جس میں زائد از تین ہزار سال سے محفوظ حنوط شدہ نعشیں بالکل صحیح حالت میں موجود پائی گئیں۔ نوادرات سے متعلق اُمور کی وزارت کے عہدیداروں نے انکشاف کیا کہ عساسیف میں یہ دفینہ برآمد ہوا جودریائے نیل کے مغربی کنارے پر واقع ہے۔ نوادرات کی سپریم کونسل کے سربراہ مصطفی الوزیری نے فرعونی دور کی ایک عبادت گاہ کے دامن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’ مصری ماہرین کی طرف سے عساسیف میں کی گئی یہ پہلی اہم دریافت ہے۔ اس ٹیم میں آثار قدیمہ کے ماہرین کے علاوہ محققین اور ورکرس بھی شامل تھے۔‘‘ انتہائی خوشنما سونا چاندی، ہیرے جواہرات سے جَڑے ہوئے 30 چوبی تابوتوں سے مَرد، خواتین اور بچوں کی نعشیں محفوظ پائی گئیں ۔ یہ تابوت دو صفوں میں تین فیٹ گہرائی میں دفن کئے گئے تھے۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ فرعون کے دور میں شاہی محل سے وابستہ اعلیٰ راہب کے افراد خاندان کی نعشیں ہیں۔