مصر نے برطانیہ اور جرمنی سے 13 نوادرات حاصل کر لیے

   

قاہرہ11 اگست (ایجنسیز) مصر نے اعلان کیا کہ اس نے 13 نوادرات واپس حاصل کر لی ہیں جو برطانیہ اور جرمنی میں پہنچ گئی تھیں۔ یہ اقدام قاہرہ کی جانب سے مصری ورثے کے تحفظ اور ثقافتی نوادرات کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کوششوں کا حصہ ہے۔ وزارتِ خارجہ اور وزارتِ سیاحت نے برطانوی اور جرمن حکام کے تعاون سے یہ نوادرات بازیاب کروائے، جو قدیم مصری تہذیب کے مختلف ادوار سے تعلق رکھتے ہیں۔ برطانیہ سے واپس آنے والے10 نوادرات میں ایک چونا پتھرکی تدفینی تختی، ایک چھوٹا تعویذ، کانسی کے تاج کا ایک ٹکڑا، موتیوں سے بنا تدفینی نقاب اور سیاہ پتھر کے کئی تدفینی تعویذ شامل ہیں۔ وزارتِ خارجہ نے کہا کہ لندن میٹروپولیٹن پولیس نے یہ نوادرات قبضے میں لے لیے تھے، جب یہ ثابت ہوگیا کہ وہ ایک بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کے ذریعے غیر قانونی طور پر مصر سے نکالے گئے تھے۔ جرمن حکام نے شہر ہیمبرگ میں وزارت کو اطلاع دی کہ وہ شہر کے میوزیم میں محفوظ کئی نوادرات واپس کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، کیونکہ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ یہ اشیاء غیر قانونی طور پر مصر سے نکالی گئی تھیں۔ ان تین نوادرات میں ایک ممی کی کھوپڑی اور ہاتھ، اور ایک تعویذ شامل ہے جو قدیم مصری تہذیب میں زندگی کی علامت تھا۔ مصری حکام مختلف ممالک سے اسمگل شدہ نوادرات کی واپسی اور ان کی غیر قانونی تجارت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے انہوں نے نوبیعہ بندرگاہ، جنوب سینائی میں 2,189 قدیم اشیاء پر مشتمل ایک کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔