ریاض ۔ سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی عرب لیبیا میں جنگ بندی کے لیے 6 جون 2020 کو قاہرہ اعلامیے کی حمایت کرتا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصرکی سلامتی سعودی عرب کی سلامتی کا حصہ ہے اور سعودی عرب مصر کی قومی سلامتی پرآنچ نہیں آنے دے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا بحران کے خاتمے کے لیے جنگ بندی ، خون خرابہ روکنے اور لیبیا کے علاقائی سالمیت کے تحفظ کے سیاسی حل کی تلاش کرنا ہوگا۔ سعودی حکومت اس بات پر زور دیتی ہے کہ عرب جمہوریہ مصر کی سلامتی مملکت سعودی عرب اور پوری عرب قوم کی سلامتی کا لازمی جزو ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ مملکت مصر کی سرحدوں اور عوام کے تحفظ، شدت پسندی ، دہشت گرد ملیشیا اور خطے میں ان کے حامیوں کے خلاف اپنے موقف پرقائم رہے گا۔ سعودی عرب مصر کے صدر عبد الفتاح السیسی کے اس بیان کی حمایت کا اظہار کرتا ہے جس میں انہوں نے مصر کی مغربی سرحدکو دہشت گردی سے بچانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
