قاہرہ ۔ 24 جولائی (ایجنسیز) مصری وزارتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے ایک نئے اقدام کے طور پر وزیر اوقاف ڈاکٹر اسامہ الازہری اور وزیر تعلیم و تکنیکی تعلیم محمد عبداللطیف نے مساجد کے اندر تعلیمی نرسریاں شروع کرنے کیلئے ایک تعاون کے پروٹوکول پر دستخط کیے ہیں، یہ نرسریاں لازمی تعلیم سے قبل کے بچوں کیلئے بنائی جائیں گی۔یہ اقدام چہارشنبہ کو قاہرہ میں وزارت اوقاف کے ہیڈ کوارٹر میں منعقد ایک سرکاری ملاقات کے دوران ہوا جہاں دونوں وزراء نے زمینی سطح پر منصوبے کو نافذ کرنے کے طریقہ کار اور بچوں میں اخلاق اور قومی تعلق کی اقدار کو فروغ دینے کیلئے دونوں فریقوں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اوقاف نے زور دیا کہ علم اور تعلیم کی حمایت ان کی وزارت کی اولین ترجیحات میں سے ہے اور وسیع ڈیجیٹل کھلے پن سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے پیش نظر مذہبی اور قومی اقدار کو مستحکم کرنے میں مساجد کے کردار کی اہمیت پر زور دیا۔