مصر کے تعاون کو موثر طریقہ سے استعمال کرنا چاہتا ہوں : اردغان

   

انقرہ : 5 فبروری ( یو این آئی ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ مصر کے ساتھ تعاون علاقائی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور انقرہ اس تعاون کو، سرمایہ کاری اور تجارت میں، مؤثر طریقے سے استعمال کرنا چاہتا ہے۔قاہرہ میں ترکیہ۔مصر اقتصادی فورم کے اختتامی اجلاس سے خطاب میں صدر اردغان نے کہا ہے کہ “ہم، 15 بلین ڈالر تجارتی حجم کے ہدف کے ساتھ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی کے ساتھ بھاری مصروفیات جاری رکھیں گے”۔انہوں نے ، اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے اجلاس میں دونوں فریقین کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعلقات پر تفصیلی بات چیت کا ذکر کیا اور کہا ہے کہ ملاقاتوں کے دوران باہمی تعلقات کی بنیاد کی مضبوطی اور تمام شعبوں میں تعلقات کی وسعت پر مبنی متعدد سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔اردغان نے کہا ہیکہ مصر، برّ اعظم افریقہ میں ،ترکیہ کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور اس کے ساتھ ہمارا تجارتی حجم 8 بلین ڈالر سے بڑھ چکا ہے۔مصر کی برآمدات میں 7،4 فیصد کے ساتھ ہم تیسرے نمبر پر اور درآمدات میں 3.4 فیصد کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہیں”۔