قاہرہ ؍ تل ابیب : مصر کی سرحد پر تقریباً دو ہفتے قبل ایک مصری سکیورٹی اہلکار کی فائرنگ سے تین اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے اپنی تحقیقات کے نتائج کا اعلان کیا اور کہا کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ایک مصری فوجی نے سرحد پار سے دراندازی کی اور اس کے فوجیوں پر فائرنگ کی۔مصری فوجی اسرائیلی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں مارا گیا۔مصر کے ساتھ سرحد پر دراندازی کے واقعے کے بعد متعدد افسران کے خلاف تعزیری اقدامات کیے گئے تھے۔یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی جب ایک اسرائیلی فوجی وفد نے گذشتہ اتوار کو قاہرہ کا دورہ کیا۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے بتایا کہ وفد میں اسرائیلی فوج کے جنوبی علاقے کے کمانڈر ایلیزر ٹولڈانو، بین الاقوامی تعلقات بریگیڈ کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل ایوی ڈیورین اور ایکٹیویشن بریگیڈ کے سربراہ، انٹیلی جنس ایجنسی کے چیف شامل تھے۔ادرعی نے مزید کہا کہ انہوں نے اس واقعے کے بارے میں مصری فوج کے حکام کے ساتھ مشترکہ تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی افواج نے سرحدی جھڑپ کے واقعے کی باریک بینی سے تحقیقات کے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔