ہیومن ریسورٹس ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹر ششانگ گوئل کا خطاب
حیدرآباد ۔ 12 اگست (سیاست نیوز) ڈاکٹر ایم چنا ریڈی ہیومن ریسورٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں مصر سے تعلق رکھنے والے تجارتی سفارتی عہدیداروں کے لئے فارن ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ کے موضوع پر خصوصی کورس کا اہتمام کیا گیا۔ وزارت خارجہ نے انڈین ٹکنیکل اینڈ اکنامکس کوآپریشن پروگرام کے تحت خصوصی کورس کا اہتمام کیا تھا۔ ڈاکٹر ششانگ گوئل آئی اے ایس ڈائرکٹر جنرل ہیومن ریسورٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ اور اسپیشل چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی اور بین الاقوامی تجارت کے شعبہ میں دنیا بھر میں جاری تبدیلیوں کو پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر ممالک اپنی ضرورتوں کے مطابق دیگر ممالک سے تجارتی معاہدات کررہے ہیں تاکہ ایک دوسرے کی پیداواری اشیاء کا تبادلہ عمل میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری اور نئے پراجکٹس کے قیام سے کسی بھی ملک میں نہ صرف کاروبار میں توسیع ہوگی بلکہ ٹکنالوجی اور انفرااسٹرکچر میں اضافہ ہوگا۔ ڈاکٹر ششانگ گوئل نے کہا کہ فارما، فوڈ پروسسنگ، آٹو موبائیلس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے شعبہ جات میں برآمدات کی وسیع تر گنجائش ہے۔ خصوصی پوسٹ میں درآمدات اور برآمدات کے شعبہ میں ای ۔ کامرس کے رول کی وضاحت کی گئی۔ خصوصی کورس کے تحت کلاس روم لکچرس کے علاوہ مندوبین کے لئے فیلڈ ویزٹ کا اہتمام کیا گیا۔ انڈسٹریل پارکس، اسپیشل اکنامکس زونس اور مینوفیکچرنگ ہبس کے تحت موجود اداروں کے دورہ کا اہتمام کیاگیا ۔ ڈاکٹر مادھوی کورس ڈائرکٹر نے بتایا کہ انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے تاحال کئی ممالک کے مندوبین کے لئے کورسیس کا اہتمام کیا جاچکا ہے جن میں ساوتھ آفریقہ، ویتنام اور سری لنکا کے مندوبین کے لئے حال ہی میں ٹریننگ پروگرامس منعقد کئے گئے۔ ڈاکٹر مادھوی نے مندوبین اور شرکاء کا استقبال کیا۔ 1