ممبئی ۔ 19 اگست (ایجنسیز) مہاراشٹر کی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال سے ایک ’ہِٹ اینڈ رَن‘ کیس کو محض 36 گھنٹوں میں حل کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 9 اگست کو ناگپور میں پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل پر سوار میاں بیوی کو ٹکر مار دی۔ حادثہ میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ ٹرک ڈرائیور فرار ہوگیا۔ میڈیا کے مطابق حادثہ کا شکار ہونے والے متاثرہ شخص کے پاس ٹرک سے متعلق محدود معلومات تھیں، وہ پولیس کو صرف یہ بتا سکا کہ گاڑی پر سرخ نشانات تھے لیکن ٹرک کا ماڈل یا سائز واضح نہ بتا سکا۔ مہاراشٹرا کے علاقہ ناگپور رورل کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) ہرش پوڈدار کے مطابق پولیس نے تین الگ الگ ٹول ناکوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز اکٹھا کیں اور انہیں مصنوعی ذہانت کے دو اَلگورتَھمز کے ذریعہ جانچا۔