واشنگٹن : امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے آرٹیفیشل انٹیلی جینس (اے آئی) کے حوالے سے ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد ٹیکنالوجی کمپنیوں کیلئے ایسے ضوابط بنانا ہے جس سے ملک کی سیکیورٹی اور صارفین کے حقوق کا تحفظ ہو سکے۔جو بائیڈن کے جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کا مقصد ایک ایسا خاکہ بھی تیار کرنا ہے جس سے مؤثر قانون سازی ہو سکے اور عالمی معاہدوں میں بھی اس سے معاونت حاصل کی جا سکے۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق پیر کو ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کرنے سے قبل صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت سے بہت تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ ان کے بقول اس میں بہت زیادہ قوت کے ساتھ خطرات بھی موجود ہیں۔