سیلاب متاثرین کیلئے ’’سیاست‘‘ کا منفرد اقدام قابل قدر، محبوب نگر کی ادبی شخصیت حلیم بابر کا تاثر
محبوب نگر : جناب حلیم بابرؔ صدر بزم کہکشاں و بانی اردو ڈیولپمنٹ کمیٹی محبوب نگر نے سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے دردمندانہ منفرد اقدام کی ستائش کرتے ہوئے اسے اسلامی کردار کا مظہر قرار دیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست و افتخار حسین سکریٹری کی زیرقیادت دو کالونیوں کے متاثرین میں رقمی و مالی امداد فراہم کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا کہ اسلام کی تعلیمات زندہ ہیں اور وہ اُن پر عمل کرتے ہوئے مجبور، محتاج و مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کو اپنا فرض سمجھا۔ سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے مقاصد بھی یہیں کہ انسانوں کی مدد کی جائے، اگر وہ مصیبت میں ہوں۔ اس طرح کے اقدام سے سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ نے رضائے الٰہی و خوشنودی رسول ﷺ حاصل کرلی ہے جو بڑی خوش نصیبی و اعزاز کی بات ہے۔ اطلاعات کے مطابق 5 لاکھ روپیوں کی مختلف انداز سے ان متاثرین کی مدد کی گئی جو قابل تحسین و لائق تقلید ہے۔ اسلامی تعلیمات میں بلالحاظ مذہب و ملت مصیبت زدہ کی مدد کرنا شامل ہے۔ خیرات دیتے وقت یہ نہیں دیکھا جاسکتا کہ وہ ہندو ہے یا مسلمان۔ ہر مصیبت و بے بس انسان کی مدد اسلام کے اُصولوں میں شامل ہے۔ بہرحال سیاست ملت فنڈ و فیض عام ٹرسٹ کے اس دردمندانہ مثالی اقدام کو ملت بڑے قدر و احترام سے دیکھتی ہے اور دعاگو ہے کہ ان اداروں کے ذمہ داروں کو اجر عظیم عطا کرے اور ان کے مالیہ میں اضافہ ہی اضافہ ہوتا ہے رہے تاکہ اس طرح کے موقعوں پر مدد کی جاسکے۔ بہرحال جناب زاہد علی خاں و افتخار حسین کی اس مخلصانہ اقدام پر ملت ہدیۂ تشکر کے طور پر سلام کرتی ہے۔ مندرجہ بالا حقائق کے پیش نظر یہی کہنا پڑتا ہے کہ جو ایک حقیقت ہے : ’’درد دل کے واسطے پیدا کیا ہے انسان کو ٭ ورنہ طاعت کے لئے کچھ کم نہ تھے کر و بیاں‘‘۔ مندرجہ بالا اقدام ملت سے وابستہ سرمایہ داروں کو دعوت فکر دیتا ہے کہ وہ اسلامی شعار کے مطابق مصیبت زدہ لوگوں، محتاجوں اور غریبوں کے لئے ایسے اقدامات کریں کہ وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہوسکیں اور پھر ان مصیبت زدہ لوگوں کی دعائیں آہنی دیوار بن کر ان کی حفاظت کریں گے۔
