مضافاتی علاقوں میں نالوں کی ترقی کا منصوبہ بند پروگرام

   

بارش سے آبادیوں کو بچانے کی کوشش، کونسل میں کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد۔/5اکٹوبر، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ مستقبل کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے شہر میں نالوں کی ترقی اور توسیع کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر توسیع کرتا جارہا ہے لہذا بارش کے پانی کی نکاسی کے سلسلہ میں نالوں کا تحفظ اہمیت کا حامل ہے۔ قانون ساز کونسل میں نالوں کی ترقی کے مسئلہ پر سوال کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں جس طرح پینے کے پانی کا مسئلہ حل کیا گیا اسی طرح انڈر گراؤنڈ ڈرینج سسٹم کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جامع منصوبہ کے تحت زیر زمین ڈرینج کا نظام تعمیر کیا جائے گا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ شہر میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور عوام کو مشکلات سے بچانے کیلئے حکومت منصوبہ بند ترقی کی سمت گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں آبادیوں کو پانی سے بچانے کیلئے نالوں کی ترقی کی اسکیم تیار کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلہ میں 173 کلو میٹر پر محیط بڑے نالوں کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ 2021 کے اختتام تک کم از کم 30 فیصد کاموں کی تکمیل کا نشانہ مقرر کیا گیا۔ جی ایچ ایم سی، کرلوسکر کمیٹی اور ماہرین کے ذریعہ رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے بارش کی نکاسی کے سلسلہ میں طویل مدتی منصوبہ زیر تکمیل ہے۔ر