حیدرآباد 13 اپریل (سیاست نیوز) شہر کے مضافات میں فارم ہاؤزس، ریسارٹس وغیرہ غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے محفوظ پناہ گاہ میں تبدیل ہورہے ہیں۔ فارم ہاؤز کو ایک دن کے کرایہ پر حاصل کرتے ہوئے جو زیادہ تر ویران جگہوں پر ہوتے ہیں وہاں غیر قانونی سرگرمیوں جیسے ریو پارٹی، مجرا پارٹی، کرکٹ سٹہ بازی کے منتظمین اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں میں زیادہ تر نوجوان، کالج کے طلباء، کاروباری افراد اور سیاستداں بھی شامل ہورہے ہیں۔ فارم ہاؤز ویران مقامات پر ہونے کی وجہ سے پولیس کی نگرانی سے بچ جاتے ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے منتظمین ویران علاقہ میں فارم ہاؤز کا انتخاب کرتے ہیں اور اپنی غیر قانونی سرگرمیوں کو جاری رکھتے ہیں۔ غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے معین آباد، شنکرپلی، چیوڑلہ، شاہ میر پیٹ اور ابراہیم پٹنم علاقے محفوظ مقام ہیں۔ بعض اوقات پولیس کو اطلاع ملنے پر ہی پولیس کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی سرگرمیوں کا پردہ فاش کرتی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ پولیس کی جانب سے مسلسل کارروائی کی وجہ سے غیر قانونی سرگرمیوں والی پارٹیاں تقریباً ختم ہورہی ہیں۔ ریو پارٹیاں جس میں تقریباً 15 تا 20 افراد جمع ہوتے ہیں جس میں خواتین کو بھی شامل کیا جاتا ہے اور شراب، منشیات کا استعمال کیا جارہا ہے جس پر قابو پانے پولیس سخت کارروائی کررہی ہے۔ پولیس نے فارم ہاؤز اور ریسارٹ کے مالکان کو ہدایت دی کہ وہ ریو پارٹی اور مجرا پارٹی کی اجازت نہ دیں۔ اگر کوئی خاندان تفریح کے لئے طلب کرے تو انھیں ہی فارم ہاؤز دیا جائے۔ اگر ان کے فارم ہاؤز میں غیر قانونی سرگرمیاں جاری رہیں تو مالکان کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے گا۔ (ش)
