دسہرہ کی تعطیلات تک فروخت کا عمل روکنے کیلئے وضاحت طلبی
حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے شہر کے مضافاتی علاقہ پپولا گوڑہ میں ایک 18 ایکر اراضی کے ہراج کو دسہرہ کی تعطیلات تک ملتوی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ ہائی کورٹ میں سروے نمبرات 301 ، 303 اور 327 کے تحت موجود 18 ایکر اراضی کی ملکیت کا معاملہ زیر دوران ہے۔ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد کو ہدایت دی کہ وہ دسہرہ کی تعطیلات تک اراضی کے ہراج کو روکنے کے بارے میں حکومت سے رائے طلب کریں۔ اراضی کی ملکیت کے بارے میں بعض افراد نے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے ۔ کارگزار چیف جسٹس جسٹس ایم ایس رام چندر راؤ اور جسٹس ٹی ونود کمار پر مشتمل ڈیویژن بنچ پر درخواستوں کی سماعت جاری ہے ۔ حکومت ان اراضیات کو فروخت کرنے کی تیاری کرچکی ہے اور حال ہی میں اراضیات کی فروخت کی طرز پر آکشن کیا جائے گا ۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ملکیت کا معاملہ طئے ہونے تک حکومت کو آکشن کا عمل روکنا چاہئے ۔ ایڈوکیٹ جنرل نے کہا کہ درخواست گزاروں کے پاس اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ وہ اراضی کے مالک ہیں۔ عدالت نے حکومت سے سوال کیا کہ آیا دسہرہ کی تعطیلات تک آکشن کو روکا جاسکتا ہے یا نہیں ایڈوکیٹ جنرل کو ہدایت دی گئی کہ وہ جمعرات کو حکومت کے موقف سے واقف کرائیں جس کے بعد آئندہ سماعت 16 ستمبر کو ہوگی ۔ R