ورنگل میں منعقدہ تقریب سے محترمہ آسیہ تسنیم اور دیگر کا خطاب
ورنگل ۔شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ورنگل اربن کی جانب سے ’ مضبوط خاندان ،مضبوط سماج ‘کے دس روزہ ملک گیر مہم کا آج رائل گارڈن صوبیداری ہنمکنڈہ میں اختتامی تقریب کے ضمن میں ایک عظیم الشان خطاب عام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔اس جلسہ کی صدارت محترمہ آسیہ تسنیم صاحبہ ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ نے کی ۔جبکہ عورت خاندان اور سماج کے عنوان پر محترمہ صفیہ ظہور صاحبہ ناظمہ چنتل نے ،والدین کے حقوق اور صلہ رحمی کے عنوان پر محترمہ ثمینہ پروین صاحبہ کارکن ورنگل نے ،مثالی گھر اسلام کی نظر میں عنوان پر محترمہ عطیہ سلطانہ معاون ناظمہ قاضی پیٹ نے،اصلاح معاشرے کی اہمیت کے عنوان پر محترمہ عشرت بانو صاحبہ ناظمہ شعبہ خواتین ہنمکنڈہ نے مخاطب کیا ۔محترمہ فہیم سلطانہ صاحبہ پروگرام کے کنوینر جبکہ محترمہ عطیہ سلطانہ صاحبہ ناظم اجتماع کی ذمہ داری نبھائی ۔اس موقع پر محترمہ آسیہ تسنیم صاحبہ ریاستی ناظمہ شعبہ خواتین حلقہ تلنگانہ نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ خاندان کی بنیاد زوجین کا رشتہ ہے ۔ اولاد کی پرورش اسلامی اقدار پر کرنا والدین کا فرض ہے ۔نیک اولاد اس دنیاوی زندگی میں سکون ہی نہیں اخروی زندگی کے ضامن ہوتے ہیں ۔دین اسلام رشتہ داروں سے صلہ رحمی کی تعلیم دیتا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ مضبوط اور بہتر خاندان سے ہی بہترین سماج کی تشکیل ممکن ہے ۔خاندانوں میں موجود آپسی اختلافات کو دور کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے ۔مختلف وجوہات کے سبب آج سماجی اقدار میں گراوٹ دیکھی جارہی ہے اس لئے خاندانوں کا شہرازہ بکھررہا ہے جس کی اصلاح ضروری ہے۔انہوںنے اس موقع پر والدین کے حقوق ،بیوی کے حقوق ،اولاد کی تربیت ،رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک اور صلہ رحمی پر بڑے مفصل انداز میں روشنی ڈالی ۔اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔