مضبوط شراکت داری پر مبنی سعودی، امریکی مشترکہ اعلامیہ جاری

,

   

دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے عزم کی تجدید۔ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال

واشنگٹن : 20 نومبر ( ایجنسیز ) سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کے امریکہ کے دورے کے اختتام پر سعودی امریکی مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اعلامیہ کے متن میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی ہدایت اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پرسعودی عرب امریکہ کے درمیان تاریخی تعلقات اور سٹریٹجک شراکت کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے 18 اور 19 نومبر کو امریکہ کا سرکاری دورہ کیا ہے۔امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں ولی عہد کا استقبال کیا، جنہوں نے ان تک خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا جبکہ صدر ٹرمپ نے بھی خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔دورہ کے دوران سعودی، امریکی سربراہ اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں رہنماؤں نے دیرینہ دوستی اور مضبوط ا سٹریٹجک شراکت داری کے عزم کی تجدید کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی وفد میں وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان، سفیرِ سعودی عرب شہزادی ریما بنت بندر، وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، مشیرِ قومی سلامتی ڈاکٹر مساعد العیبان، وزیرِ تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، وزیرِ خزانہ محمد الجدعان اور پی آئی ایف کے گورنر یاسر الرمیان شامل تھے۔امریکی جانب سے نائب صدر جی ڈی وینس، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو، وزیرِ خزانہ اسکَوٹ بَیسَنت، وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیث، وزیرِ تجارت ہاورڈ لوٹنک، وزیرِ توانائی کرس رائٹ، اور وائٹ ہاؤس کی چیف ایڈمنسٹریٹر سوزی وائلز شریک ہوئے۔ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدر ٹرمپ کے مئی 2025 کے دورہ سعودی عرب کے مثبت نتائج کا ذکر کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو تاریخی سطح تک لے جانے کا سنگِ میل قرار دیا۔دونوں فریقوں نے علاقائی و عالمی امور، باہمی دلچسپی کے معاملات اور سٹریٹجک شراکت کو بڑھانے کے لئے جاری کوششوں پر جامع تبادلہ خیال کیا۔دورہ کے دوران، دونوں ممالک نے متعدد تاریخی معاہدوں اور فریم ورک پر دستخط کیے، جن کی تفصیل درج ہے:معاہدہ ا سٹریٹجک دفاع،مصنوعی ذہانت کی سٹریٹجک شراکت،سول نیو کلیئر توانائی میں تعاون کی بات چیت کے اختتام کا مشترکہ اعلان،یورینیم، اہم معدنیات اور مستقل میگنیٹس کی سپلائی چین کے تحفظ پر سٹریٹجک فریم ورک،سعودی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سٹریٹجک ورک فریم،مالی و اقتصادی شراکت داری کا انتظامی ڈھانچہ،مالیاتی منڈیوں میں تعاون سے متعلق ترتیبات،امریکی فیڈرل وہیکل سیفٹی سٹینڈرڈز کی باہمی پہچان،تعلیم و تربیت کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے ۔

ٹرمپ کا سو ڈان جنگ کے خاتمہ پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان

واشنگٹن : 20نومبر ( ایجنسیز ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سوڈان جنگ کے خاتمہ پر جلد کام شروع کرنے کا اعلان کردیا۔صدر ٹرمپ نے امریکہ سعودی بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی ولی عہد چاہتے ہیں کہ میں سوڈان کے حوالے سیکوئی مضبوط اقدام کروں، اسی لیے سعودی ولی عہد کی درخواست پر سوڈان تنازع پر کام شروع کریں گے۔امریکی صدر نے کہاکہ سوڈان میری ترجیح میں شامل نہیں تھا، میرے خیال میں سوڈان کی صورتحال پاگل پن اور بیقابو ہوجانے والی تھی لیکن اب مجھے لگ رہا ہیکہ سوڈان بہت سے دوستوں اور آپ سب کیلییبہت اہم ہے، اب سوڈان پر کام شروع کرنے جا رہے ہیں۔یاد رہے کہ سوڈان میں 2023 سے حکومتی فورسزاورباغی ملیشیا کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں۔گزشتہ ماہ بھی باغی فوج ریپڈ سپورٹ فورس نے الفشر شہر میں حملہ کرتے ہوئے پورے شہر پر قبضہ کرلیا تھا اور اس دوران 2 ہزار افراد کو قتل کیاگیا۔اقوامِ متحدہ کے مطابق سوڈان جھڑپوں میں اب تک 13 ہزار سے زائدافراد ہلاک ہو چکے ہیں۔