حیدرآباد بک فیر کی افتتاحی تقریب سے ڈاکٹر سوندرا راجن کا خطاب
حیدرآباد۔24ڈسمبر(سیاست نیوز) شہر میں 33ویں حیدرآباد بک فئیر کا آغاز ہوچکا ہے جو کہ یکم جنوری 2020 تک جاری رہے گا۔گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے اس بک فئیر کا افتتاح انجام دیا اور اس موقع پر ریاستی وزیر سیاحت مسٹر وی سرینواس گوڑ اور دیگر موجود تھے۔این ٹی آر اسٹیڈیم لوور ٹینک بنڈ اندرا پارک میں شروع ہوئے اس بک فئیر کے اوقات کار 2:30 بجے دن تا8:30 بجے شام رہیں گے۔اس بک فئیر میں کئی اہم ناشرین کے کتب موجود ہیں ۔تعطیلات کے ایام میں اس کتاب میلہ کے اوقات کاردوپہر 12بجے سے رات 9 بجے تک رہیں گے۔گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن نے اس کتاب میلہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ مطالعہ کے رجحانات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی مطالعہ کے بغیر کوئی ذہنی نشونما ممکن نہیں ہے اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا اسی لئے کتاب میلہ اپنے پسندیدہ کتابوں کے حصول کیلئے بہترین ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔اس تقریب میںتلنگانہ ریاستی منصوبہ بندی کمیشن صدرنشین مسٹر بی ونود کمار‘ تلنگانہ پبلک سروس کمیشن صدرنشین مسٹر جی چکر پانی کے علاوہ دیگر اہم شخصیتیں بھی میں موجود تھیں۔گورنر نے بتایا کہ وہ مطالعہ کے شوقین رہی ہیں اور ان کے پاس ان کی جمع کی گئی 2000 کتب ہیںجو کہ وہ حیدرآباد اپنے ساتھ لائی ہیں۔انہو ںنے کہا کہ مطالعہ کا شوق پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔گورنر نے روزانہ سونے سے قبل مطالعہ کو اپنی عادت بنانے پر زور دیا اور کہا کہ ہر شخص کو بستر پر جانے سے قبل کچھ تو مطالعہ کرنا ہی چاہئے۔مسٹر جی چکرپانی صدرنشین تلنگانہ پبلک سروس کمیشن نے اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے قبل تلنگانہ کی تہذیب پر کوئی کتاب یا واد بڑی مشکل سے دستیاب ہوا کرتا تھا لیکن اب جبکہ علحدہ ریاست تلنگانہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوچکا ہے توتلنگانہ تہذیب پر کئی کتابیں منظر عام پر آنے لگی ہیں اور حکومت کی جانب سے مؤلفین اور مصنفین کی حوصلہ افزائی بھی کی جانے لگی ہے۔کتب میلہ میں مختلف ممالک کی تہذیب پر مشتمل مواد موجود ہے اور کئی ممالک کے اہم ناشرین اس قومی کتب میلہ کا حصہ ہیںجہاں شائقین مطالعہ کے لئے ان کی پسندیدہ کتابیں دستیاب ہیں جن میں بچوں ‘ بڑوں اور خواتین کے لئے مواد شامل ہے۔