حیدرآباد 31 اکٹوبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے مطلقہ خواتین کے ماہانہ گزارے کی رقم کے طور پر 5 لاکھ 55 ہزار 500 روپئے جاری کئے ہیں۔ 356 خواتین کو ماہ اکٹوبر کے گزارے کی رقم کے طور پر یہ اجرائی عمل میں آئی۔ عدالت کے احکامات کے مطابق وقف بورڈ ہر ماہ گزارے کی رقم جاری کرتا ہے۔ اِسی دوران ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کی رقم جولائی سے زیرالتواء ہے۔ 8 ہزار سے زائد ائمہ اور مؤذنین کو بقایہ جات کے ساتھ رقم توقع ہے کہ آئندہ ہفتے جاری کردی جائے گی۔ صدرنشین محمد سلیم نے بتایا کہ درخواستوں کی ویریفکیشن کا کام جاری ہے لہذا رقومات کی اجرائی میں تاخیر ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بورڈ کے پاس بجٹ کی کوئی کمی نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بورڈ کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ وہ مختلف فلاحی اسکیمات کے آغاز کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ وقف بورڈ کے اجلاس میں اوقافی جائیدادوں کی ترقی سے متعلق بعض تجاویز کا جائزہ لیا گیا اور ڈیولپمنٹ سب کمیٹی کی رپورٹ کے بعد بورڈ کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ نومبر میں بورڈ کی تین ذیلی کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے اور 23 یا 25 نومبر کو بورڈ کا اجلاس طلب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ محمد سلیم ارکان خاندان کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی اور زیارت مدینہ منورہ کے لئے آج سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ وہ عالم اسلام اور تلنگانہ کے مسلمانوں کی ترقی، خوشحالی، ریاست میں امن و امان اور تلنگانہ کی ترقی کے لئے دعا کریں گے۔