اپوزیشن ،ممتا بنرجی کے ساتھ۔ دیوے گوڑا، اسٹالن، اکھلیش، عمر عبداللہ ، چندرابابو ، نوین پٹنائک کی تائید
نئی دہلی 4 فروری (سیاست ڈاٹ کام) اپوزیشن جماعتوں نے مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی کی تائید کی ہے جو (بنرجی) چٹ فنڈ اسکام کے ضمن میں سی بی آئی کی جانب سے کولکتہ پولیس کمشنر سے پوچھ گچھ کے لئے سی بی آئی کی کوشش کے خلاف احتجاجی دھرنا دے رہی ہیں۔ مرکز اور ممتا بنرجی کے درمیان گزشتہ روز اُس وقت عملاً سیاسی تصادم شروع ہوگیا تھا جب اُنھوں نے اس مسئلہ پر کولکتہ میں میٹرو سنیما کے روبرو احتجاجی دھرنا شروع کردیا تھا۔ ممتا بنرجی کو جو ترنمول کانگریس کی سربراہ بھی ہیں، مختلف سیاسی جماعتوں سے مسلسل تائید حاصل ہورہی ہے حالانکہ سی بی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے کولکتہ پولیس کمشنر راجیو کمار پر اس مقدمہ سے متعلق ثبوتوں کو تباہ کرنے اور تحقیر عدالت میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا ہے۔ جنتادل سیکولر کے صدر اور سابق وزیراعظم دیوے گوڑا نے ممتا بنرجی کی بھرپور تائید کرتے ہوئے مرکز پر الزام عائد کیاکہ سیاسی مخالفین کو خوفزدہ کرنے کے لئے سی بی آئی جیسے اداروں کا استعمال کررہی ہے جس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ دیوے گوڑا، راشٹرا لوک دل کے نائب صدر جینئت چودھری نے کہاکہ ، بنگال کی خبر پر کافی تکلیف پہونچی ہے۔ بہرقیمت دوسری مرتبہ اقتدار پر فائز ہونے کی کوششوں میں سرگرم مطلق العنان مودی حکومت کے تحت اہم اداروں پر اعتماد کے بدترین بحران اور پامالی دیکھی جارہی ہے۔ ممتا جی مزاحمت کررہی ہیں۔ اُنھیں ان تمام کی تائید حاصل ہے جو ان کوششوں کے پس پردہ محرکات کو سمجھتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ راجیہ سبھا میں اُنھوں نے مقررہ مصروفیات کو معطل کرتے ہوئے سی بی آئی کے بیجا استعمال پر بحث کا مطالبہ کرتے ہوئے نوٹس دی ہے۔ ترنمول کانگریس کے ترجمان ڈیرک اوبرائین نے کہاکہ بنگال کے مسئلہ پر تمام اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن سے بات چیت کریں گے۔ ڈیرک اوبرائین نے کہاکہ ’یہ سی بی آئی نہیں ہے بلکہ مودی اور امیت شاہ کا طوطا ہے۔ اس کے خلاف لڑائی میں ہم (تمام اپوزیشن جماعتیں) پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ دہلی میں وہ تمام اپوزیشن قائدین سے ملاقات کررہے ہیں جس کے بعد اس مسئلہ پر ملک گیر تحریک چلانے کا ایکشن پلان تیار کیا جائے گا۔ نائیڈو نے کہاکہ ’’ٹی ڈی پی کے ارکان اس مسئلہ پر دیگر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ پرزور احتجاجکریں گے‘‘۔ ڈی ایم کے صدر ایم کے اسٹالن نے بھی مرکز اور سی بی آئی سے ممتا بنرجی کی نبرد آزمائی میں تحفظ جمہوریت کے لئے ترنمول سربراہ کی بھرپور تائید کا اعادہ کیا۔ اسٹالن نے اپنی بہن کنی موزھی کو کولکتہ میں ممتا بنرجی سے ملاقات اور مرکز کے خلاف احتجاجی دھرنا میں ان سے اظہار تائید و یگانگت کے لئے روانہ کیا ہے۔ ممتا بنرجی نے ڈرامائی قدم اُٹھاتے ہوئے کہاکہ اُنھیں وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے صدر امیت شاہ سے توہین و اہانت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اسٹالن نے بنرجی سے ٹیلی فون پر بات چیت بھی کی ہے۔ دہلی کے چیف منسٹر اروند کجریوال نے ممتا بنرجی سے فون پر بات چیت کے دوران تائید کا اظہار کیا۔ اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک کی جماعت بی جے ڈی نے ممتا بنرجی کی تائید کرتے ہوئے عام انتخابات سے قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کو سیاسی ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ بی جے ڈی نے اپنے بیان میں کہاکہ سی بی آئی کی ادارہ جاتی یکجہتی کو بحال کیا جانا چاہئے۔ ہم ایک پختہ کار جمہوریت ہیں اور پیشہ واریت کو برقرار رکھا جانا چاہئے‘‘۔ بی جے ڈی نے مزید کہاکہ حتیٰ کہ اڈیشہ میں بھی حالیہ پنچایت انتخابات سے عین قبل سی بی آئی کارروائی کی گئی تھی۔ اڈیشہ کانگریس کے صدر نرنجن پٹنائک نے مغربی بنگال میں رونما صورتحال کو اقتدار کی بے شرمانہ نمائش قرار دیا۔ جس سے نہ صرف ہمارے ادارہ جات پامال ہوئے ہیں بلکہ یہ ہمارے وفاقی ڈھانچے پر بدترین حملہ بھی ہے‘أ