کڑپہ میں زبردست احتجاجی ریالی‘ علماء و مشائخین کی شرکت‘ ڈپٹی چیف منسٹر امجد باشاہ اور دیگر کا خطاب
کڑپہ۔ کڑپہ میں آج تحفظ ناموس رسالتؐ کمیٹی کڑپہ کی جانب سے احتجاجی ریالی اور جلسہ کا اہتمام کیا گیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کے علاوہ نائب وزیراعلیٰ اے پی ایس بی امجد باشاہ نے بھی شرکت کی۔ یہ جلوس صبح 9 بجے عنایت خان تالیم اگاڑی سے شروع ہوکر براہ الماس پیٹ سرکل، جامن باؤلی، مٹھی باغ، ون ٹاؤن پولیس سرکل، گوکل سرکل، 7۔روڈ سرکل سے ہوتا ہوا نیک نام خان کلاچھترم پہنچا جہاں پر جلسہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امجد باشاہ نے کہا کہ یوں تو آزادی کے بعد سے مسلمانوں کے خلاف تعصب کیا جاتا رہا ہے، تاہم موجودہ دور میں ملک بھر میں مسلمانوں کے خلاف ایک نفرت کا ماحول بنایا جارہا ہے۔ حجاب پر پابندی، ہماری مسجدوں کے خلاف مہم کا سلسلہ شروع ہوا۔ شریعت میں مداخلت ہوئی، ہم خاموش رہے۔ مسلمانوں پر کتنا بھی ظلم ہو، سب سہہ سکتے ہیں۔ نبی ٔ اکرم کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ مسلمانوں کے گھروں پر بلڈوزر چلایا جارہا ہے۔ ظلم کی انتہا ہورہی ہے، ہم برداشت کررہے ہیں۔ انھوں نے وزیراعظم نریندر مودی سے کہا کہ ملک کے 25 کروڑ مسلمان اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ اپنی جانوں کی قربانیاں دینے تیار رہیں گے۔ سیکولر ملک میں اقلیتوں پر مظالم ہورہے ہیں۔ نفرت کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔ اس ملک کو آزادی دلانے کے لئے ہماری قوم نے اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور آج بھی اس ملک کو متحد رکھنے کے لئے اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے تیار ہیں۔ امجد باشاہ نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک ایسا قانون وضع کرے کہ کسی بھی مذہب کے مذہبی پیشوا کی شان میں گستاخی کے خلاف سخت کارروائی ہوسکے۔ امجد باشاہ نے وزیراعظم مودی سے مطالبہ کیا کہ وہ گستاخانِ رسولؐ کو فوری گرفتار کریں اور سخت سے سخت سزا کو یقینی بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ نریندر مودی ہمیشہ ملک کے اچھے دن کی بات کرتے ہیں، ایسے اچھے دنوں سے ماضی کا دور ہی پُرسکون تھا۔ ماضی کے دور کو لوٹادیں تو ایسے اچھے دنوں سے بہتر ہوگا۔ امجد باشاہ نے کہا کہ ہمیں اِنصاف ملنے تک احتجاجی سلسلہ کو جاری رکھیں گے۔ اس جلوس اور جلسہ میں کڑپہ کے تمام علماء و مشائخین نے شرکت کی جن میں حج کمیٹی رکن مولانا ولی اللہ حسینی، اکبر علی رشادی، مفتی محمد علی بغدادی، آستانہ مرادیہ کے اکمل پیران مرادی، آستانہ مخدوم الٰہی کے امیر مولانا نعمت اللہ، عارف خان، سیاسی جماعتوں کی جانب سے ایس بی احمد باشاہ، امیر بابو تلگودیشم، سبحان باشاہ، افسر خان، احمد بھائی عرف بابو بھائی، اشرف علی خان، نوید محمد، تمام اقلیتی کارپوریٹرس نے شرکت کی۔ ہزاروں کی تعداد میں عاشقانِ رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) نے شرکت کی۔