مظاہروں پرشہروں کی فنڈنگ موقوف ہوگی: ٹرمپ

   

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ایک ایسی دستاویز پر دستخط کیے ہیں جس میں ان تمام شہروں کو وفاقی حکومت کی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں احتجاجی مظاہروں کے سبب ‘افراتفری’ کا ماحول ہے۔ ٹرمپ نے چہارشنبہ کے روز جس دستاویز پر دستخط کیے ہیں اس میں سیئٹل، پورٹ لینڈ اور نیو یارک سمیت ان شہروں کی وفاقی فنڈنگ میں کمی کرنے کی دھمکی دی گئی ہے جہاں گزشتہ کئی مہینوں سے احتجاجی مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔ اس دستاویز میں جن شہروں کو ‘لاقانونیت’ سے تعبیر کیا گیا ہے اس میں دارالحکومت واشنگٹن بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی اٹارنی جنرل ولیئم بار کو یہ ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اس معاملے سے متعلق قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیں، کہ جس نے بھی ”تشدد اور املاک کی تباہی کو برقرار رکھنے کی اجازت دی اور مناسب اقدامات کرنے سے گریز کیا” اس کے خلاف کیا اقدامات کیا جا سکتے ہیں۔ امریکی چینل سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے ولیئم بار نے کہا کہ جسٹس ڈپارٹمنٹ، بائیں بازو کی تنظیم انتیفا کی تحریک اور اس کے احتجاجی مظاہروں سے متعلق بھی چھان بین کر رہا ہے۔