مظاہروں کیلئے اپوزیشن کا اتحاد اہمیت کا حامل : امرتیہ سین

   

کولکاتہ 14 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) شہریت ترمیمی قانون کو منسوخ کرنے اپنے مطالبہ کے چند دن بعد نوبل انعام یافتہ امرتیہ سین نے کہا کہ ایک کاز کیلئے احتجاج کو آگے بڑھانے اور مظاہرے کرنے اپوزیشن کی صفوں میں اتحاد کی ضرورت ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد کے بغیر بھی احتجاج جاری رہ سکتا ہے ۔ ماہر معاشیات امرتیہ سین سی اے اے ۔این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک بھر میں جاری احتجاج سے متعلق صحافیوں کے سوالات کے جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک مناسب کاز پر احتجاج کو آگے بڑھانے کیلئے ضروری ہے کہ اپوزیشن کی صفوں میں اتحاد ہوجائے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ اگر اتحاد نہ بھی ہو تب بھی اس کا یہ مطلب نہیں کہ ہم احتجاج کو ترک کردیں گے ۔ جیسا کہ انہوں نے کہا کہ اتحاد سے احتجاج آسان ہوجاتا ہے لیکن اگر اتحاد نہ ہو پائے تب بھی ہم کو آگے بڑھنا ہے اور جو کچھ بھی ضروری ہو وہ کرنا چاہئے ۔ قبل ازیں ایک لیکچر کے دوران امرتیہ سین نے کہا تھا کہ اگر اپوزیشن کی تنقیدوں کو جھگڑے کی نظر سے دیکھا جائے تو یہ ایک بڑی غلطی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن میں جو اچھی اور واجبی تنقیدیں ہوتی ہیں ان کا احترام کیا جانا چاہئے ۔ اس کے علاوہ جو لوگ احتجاج کر رہے ہیں انہیں بھی یہ بات اچھی طرح جان لینی چاہئے کہ وہ احتجاج کیوں کر رہے ہیں۔