مظفرنگر فسادات میں سات مجرمین کو سزائے عمر قید

   

مظفرنگر ۔ 8 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سات افراد کو ایک مقامی عدالت نے دو افراد کے قتل کے جرم میں عمرقید کی سزاء دی۔ یہ افراد مبینہ طور پر مظفرنگر فسادات 2013ء کے دوران ہلاک کئے گئے تھے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج ہمانشو بھٹناگر نے 2120,000 روپئے سات مجرمین پر جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے کہا کہ جرمانہ کا 80 فیصد دونوں مہلوکین کے ارکان خاندان کو دیا جائے۔ یہ پہلا مقدمہ ہے جس میں 57 ملزمین میں سے 7 کو قاتل قرار دیا گیا۔ ایف آئی آر کے بموجب دونوں نوجوان کنول دیہات کے متوطن تھے اور انہیں پانچ میں سے تین افراد نے ہلاک کردیا تھا۔ دیگر دو ملزمین افضل اور اقبال کو بعد میں عدالت نے تحت دفعہ 319 قانون تعزیرات ہند کے تحت گواہی دینے کیلئے مقدمہ کی سماعت کے دوران طلب کیا تھا۔ عدالت نے 7 افراد کو استغاثہ کی گواہوں پر جرح کے بعد مجرم قرار دیا۔