لکھنؤ:03 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں کل پیشی کے دوران کچھ بدمعاشوں کے ذریعہ پولیس ٹیم پر فائرنگ کر کے ساتھی شاطر بدمعاش کو پولیس حراست سے چھڑا لئے جانے کے معاملے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر سخت تنقید کی ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کل کچھ بدمعاشوں نے جان سٹھ کوتوالی کے نزدیک پولیس ٹیم پرحملہ کر کے منصور علاقے کے گاؤں کے رہنے والے روہت عرف سندو کو پولیس حراست سے چھڑا کر فرا ر ہوگئے ۔
پولیس ٹیم پر بدمعاشوں کے اس حملے میں سب انسپکٹر زخمی ہوگئے تھے ۔
اس معاملے میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے بدھ کو ٹوئٹ کر کے یو پی میں بڑھتے جرائم پر ایک بار پھر نشانہ سادھا، انہوں نے ‘ہاتھ میں کنگن کو ارسی کیا ۔پڑھے لکھے کو فارسی کیا’ محاورے کے ذریعہ اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کسا ہے ۔