مظلوم خواتین کی مدد کیلئے ٹھوس اقدامات

   

پداپلی میں ’’ سکھی سنٹر ‘‘ کی عمارت کا سنگ بنیاد ، ریاستی وزیرکے ایشور کا خطاب

ریاستی وزیر برائے محکمہ فلاح و بہبود کپّولا ایشور نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کو حکومت اعلیٰ سطح پر ترجیح دے رہی ہے۔ آج بروز جمعرات پداپلی ضلع میں سکھی ون اسٹاف سنٹر کے قیام کیلئے تعمیر کئے جانے والے عمارت کا ریاستی وزیر بہبود نے سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر شرکاء￿ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ 45 لاکھ روپیوں کے مصارف سے پداپلی ضلع میں سکھی سنٹر کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے اور اندرون 6 ماہ عمارت کی تعمیر مکمل ہو جائے گی۔ ریاستی حکومت خواتین کے تحفظ کو بنیادی ترجیح دے رہی ہے اور اس ضمن میں حکومت نے ہیلپ لائن نمبر 181 کا آغاز کیا ہے۔ خواتین کی غیر قانونی روانگی اسمگلنگ کے انسداد کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ گھریلو تشدّد ، ذہنی یا جسمانی اذیت کا شکار ہوکر زندگی کو بوجھ کی طرح گذارنے والی خواتین کی زندگیوں کی بحالی کے لئے سکھی ون اسٹاف سنٹر کام کرتا ہے۔گھریلو تشدّد کا شکار خواتین ، جیل کی سزا یافتہ بے سہارا خواتین ، جسم فروشی کا پیشہ ترک کرنے والی خواتین، جنسی یا جہیز کے لئے ہراساں خواتین، ایڈس جیسی بیماری کے باعث معاشرے کی دھتکار سے پریشان خواتین اور اس طرح کے کئی سماجی مسائل سے پریشان حال خواتین کو ذہنی و جسمانی طور پر مضبوط بنانے کے لئے سکھی سنٹر کے ذریعہ موثر اقدامات کئے جارہے ہیں۔انھیں تمام ضروری قانونی مشورے فراہم کئے جاتے ہیں، درکار تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ انھیں خود روزگار کیلئے تربیت فراہم کرتے ہوئے معاشی طور پر خود مکتفی بنایا جاتا ہے۔ اس ضمن میں عوام کو اپنا تعاون فراہم کرنے کی وزیر موصوف نے اپیل کی۔انھوں نے کہا کہ اگر کسی ایسی خاتون کی تفصیلات معلوم ہوں جو کسی تشدّد کا شکار ہے تو فوری سواآدھار میں اطلاع فراہم کریں۔ خواتین کے تحفظ و ترقی کے لئے حکومت کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں میں عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ اس پروگرام میں شریک رکن اسمبلی پداپلی داسری منوہر ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین پر کئے جانے والے تشدّد کے انسداد کے لئے حکومت کوشاں ہے۔ خواتین کیلئے حکومت کی جانب سے قائم کردہ ہیلپ لائن نمبر 181سے متعلق وسیع پیمانے پر عوامی آگاہی فراہم کرنے کی عہدیداروں کو انھوں نے ہدایت دی۔اس سلسلے میں سماجی میڈیا کا استعمال کرنے کی ہدایت دی۔ زیڈ پی چیرمین پوٹّا مدھو، ریاستی فوڈ کارپوریشن ممبر آنند، ضلع کتب خانہ چیرمین رگھو وئیر سنگھ، پداپلی ریوینو ڈویڑن آفیسر شنکر کمار،ضلع ویلفیر آفیسر لکشمی راجم، ضلع ایس سی بہبود آفیسر ناگیشور، ای ای پنچایت راج مْنی راج، پداپلی تحصیلدار شرینواس، متعلقہ عہدیداران وغیرہ نے اس پروگرام میں شرکت کی۔